امریکی ریاست پنسلوینا کے شہر فلاڈیلفیا کے شمالی علاقے کی ایک مسجد کے پاس گھات لگا کر ایک شخص کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز منگل کی سہ پہر مسجد کے اندر جاتے ہوئے ایک شخص کو گولیاں ماری گئی ہیں۔
فلاڈیلفیا کے پولیس چیف انسپکٹر اسکاٹ اسمال نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ علاقے میں نصب نگراں کیمروں کی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ ایک 43 سالہ شخص ایک اور مرد کے ساتھ الاقصیٰ اسلامک اکیڈمی کی عمارت کی طرف جا رہا ہے۔
فلاڈیلفیا پولیس کی انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قریبی پارکنگ لاٹ میں موجود شوٹر ان دونوں کے پیچھے بھاگتا ہے اور ایک شخص پر گولیاں چلانا شروع کر دیتا ہے۔
پولیس چیف نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا متاثرہ شخص کے زمین پر گرنے کے بعد بھی اس پر گولی چلاتا رہا بعدازاں وہ پارکنگ میں موجود گاڑی میں فرار ہو گیا۔
پولیس چیف انسپکٹر اسکاٹ اسمال نے کہا ’ واضح طور پر یہ ایک قسم کا قتل عام ہے۔
موقع پر پہنچنے والے پولیس افسران نے شدید زخمی شخص کو پارکنگ میں گرا ہوا پایا جس کے سر، سینے اور جسم کے دوسرے حصوں پر گولیاں لگی تھیں تاہم اسپتال پہنچانے پر اسے مردہ قرار دیا گیا۔
اس سانحے کے بعد تاحال کسی مشتبہ شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی اس قتل کی وجہ معلوم ہو سکی ہے۔
اسکاٹ اسمال نے بتایا کہ مقتول کے ساتھ پیدل جانے والے دوسرے شخص کو کوئی زخم نہیں آیا، متاثرہ شخص کا نام جاری نہیں بتایا گیا۔
پولیس انسپکٹر نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پارکنگ لاٹ میں ایک سیمی آٹومیٹک گن سے فائر کی گئی گولیوں کے 17 خول قبضے میں لئے گئے ہیں۔
پولیس عینی شاہدین سے تفتیش کر رہی تھی اور قریبی علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی تھی۔