Monday, October 7, 2024, 12:24 AM
**جیوری نے ٹرمپ کو تمام 34 جرائم میں قصور وار قرار دے دیا **سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’ہش منی‘ کیس میں جیوری نے انہیں قصوروار قرار دیا ہے **فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹرائل کو غیر شفاف قرار دیا **جج متعصبانہ رویہ رکھتے تھے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **فرد جرم میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 34 الزامات کا سامنا تھا
بریکنگ نیوز
Home » اسماعیل ہنیہ کے کمرے میں دھماکہ خیز مواد دو ماہ پہلے نصب کیا گیا تھا: نیویارک ٹائمز

اسماعیل ہنیہ کے کمرے میں دھماکہ خیز مواد دو ماہ پہلے نصب کیا گیا تھا: نیویارک ٹائمز

ایران نے تاحال ہنیہ کے قتل سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں

by NWMNewsDesk
0 comment

امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے گیسٹ ہاؤس کے اندر ہونے والے دھماکے سے ہلاک ہوئے ہیں اور ان کے کمرے میں دھماکہ خیز مواد لگ بھگ دو ماہ قبل نصب کیا گیا تھا۔

اسماعیل ہنیہ کی تہران میں ہلاکت کے ایک دن بعد بھی ایران نے ان کے قتل سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ البتہ مختلف رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ہنیہ کی موت کسی راکٹ یا ڈرون کے ذریعے فائر کیے گئے میزائل سے ہوئی ہے۔

البتہ جمعرات کو امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں مشرقِ وسطیٰ اور ایران میں اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی موت ان کے کمرے کے اندر ہونے والے دھماکے کے باعث ہوئی ہے جہاں دو ماہ پہلے ہی دھماکہ خیز مواد چھپا دیا گیا تھا۔

دو ایرانی عہدے داروں سمیت مشرقِ وسطیٰ کے ممالک سے تعلق رکھنے والے سات سرکاری اہلکاروں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ اسماعیل ہنیہ شمالی تہران کے جس گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر تھے وہ جس کمپاؤنڈ میں واقع ہے اس کا کنٹرول ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے پاس تھا۔ یہ کمپاؤنڈ کئی سرکاری عمارات کے ایک سلسلے کا حصہ ہے جسے ’نشاط‘ کہا جاتا ہے۔

banner

مشرقِ وسطی کے سرکاری اہل کاروں نے ’نیویارک ٹائمز‘ کو بتایا ہے کہ ہنیہ جب بھی تہران کا دورہ کرتے تھے تو ان کا قیام اسی گیسٹ ہاؤس میں ہوتا تھا۔

امریکی اخبار کے مطابق قاتلانہ حملے کے لیے دھماکہ خیز ڈیوائس دو ماہ قبل ہی گیسٹ ہاؤس کے اس کمرے میں چھپا دی گئی تھی جہاں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ قیام پذیر تھے۔

’نیویارک ٹائمز‘ نے کہا ہے کہ پانچ عہدے داروں کے مطابق جب اس کمرے میں حماس کے رہنما کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی تو دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے میں ہنیہ کے ساتھ موجود ان کے گارڈ کی بھی موت واقع ہوگئی تھی۔

اخبار کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے پیش آیا جب کہ ایرانی حکام نے میڈیا کو اس کی اطلاع تقریباً سات بجے جاری کی۔

رپوٹ میں دو ایرانی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جیسے ہی دھماکہ ہوا تو گیسٹ ہاؤس کی پوری عمارت ہل گئی اور ایک بیرونی دیوار بھی گر گئی۔

نیویارک ٹائمز نے مذکورہ عمارت کی ایک مبینہ تصویر بھی شائع کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے سے متاثرہ حصوں کو ڈھانپ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے

مضامین

بلاگز

 جملہ حقوق محفوظ ہیں   News World Media. © 2024