پیرس اولمپکس میں چین 18 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے
امریکہ 14 سونے کے تمغوں سمیت 63 میڈلز کے ساتھ دوسرے اور میزبان ملک فرانس 12 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
پیرس اولمپکس کی افیشل ویب سائٹ کے مطابق اولمپکس کے آٹھویں روز چین 18 گولڈ، 13 چاندی اور 9 کانسی کے تمغوں سمیت 40 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔
امریکہ نے گزشتہ دو روز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا اور جست لگاتے ہوئے 14 گولڈ میڈلز جیت کر دوسرے نمبر پر پہنچ گیا جبکہ 25 سلور اور 24 کانسی کے تمغوں کے ساتھ امریکا کے میڈلز کی مجموعی تعداد 63 ہو چکی ہے۔
فرانس 12 سونے، 14 چاندی اور 16 کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ آسٹریلیا بھی اب تک 12 سونے کے تمغے جیت چکا ہے۔
چین نے اب تک ڈائیونگ اور شوٹنگ کے مقابلوں میں 4، 4 سونے کے تمغے حاصل کیے ہیں۔
بھارت کی میڈلز ٹیبل پر 53ویں پوزیشن ہے اور وہ اب تک تین کانسی کے تمغے جیت چکا ہے۔ بھارت کی جانب سے منو بھاکر، سربجوت سنگھ اور سوامنل کوسالے نے برونز میڈلز جیتے۔
دوسری جانب صنفی تنازع کی مرکزی کردار 25 سالہ باکسر ایمان خلیف نے الجزائر کی پہلی خاتون میڈلسٹ ہونے کے اعزاز کو بھی یقینی بنا لیا ہے۔
انہوں نے 66 کلوگرام کیٹیگری میں ہنگری کی اینالا ہموری کو شکست دے کر برونز میڈل کا حصول یقینی بنا لیا۔
واضح رہے پاکستان کے 7 میں سے 6 ایتھلیٹس کا پیرس اولمپکس میں سفر اختتام پذیر ہو چکا ہے اور اولمپکس میں پاکستان کی میڈل کی واحد امید جیولن تھرور ارشد ندیم ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان 1992 کے بعد سے اولمپکس میں اب تک کوئی میڈل نہیں جیت سکا۔