انڈین ریاست ہماچل پردیش کے ایک اسکول کو اپنے پانچ تمغے جیتنے والے طلبہ کی واپسی کا انتظار ہے جو چند روز قبل کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں لاپتہ ہو گئے تھے۔
گزشتہ ہفتے بدھ کی رات کو ہونے والی طوفانی بارش میں ایک گاؤں سے لاپتہ ہونے والے 33 افراد میں گورنمنٹ سیکنڈری اسکول کے پانچ ایسے والی بال کے کھلاڑی بھی شامل ہیں جو ریاست اور ضلع کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ طلبہ اس وقت اپنے گھروں میں موجود تھے جب طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور وہ اپنے گھروالوں کے ساتھ پانی میں بہہ گئے۔
اسکول کے فزیکل ایجوکیشن کے ٹیچر رویندر سنگھ نے بتایا کہ وہ کھلاڑیوں کے حوالے سے شدید فکرمند ہیں۔
لاپتہ ہونے والے ان طلبہ میں دو بہنیں 17 سالہ راتیکا کیدرتا اور رادھیکا بھی شامل ہیں، جن میں سے ایک بارہویں اور دوسری دسویں کی طالبہ ہیں۔
اسی طرح دیگر طلبہ میں 13 سالہ ارون کیدرتا، ان کی بہن 12 سالہ اروشی اور انجلی کماری شامل ہیں۔راتیکا، رادھیکا، ارون اور اروشی کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔