ایرانی عدلیہ نےکہا ہے کہ ایران نے ابھی تک تہران میں حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل سے منسلک کوئی گرفتاری نہیں کی ہے۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے کہا کہ اہم تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور تفتیش مکمل ہوتے ہی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اصغر جہانگیر نے کسی بھی گرفتاری کے دعوؤں کو افواہیں اور جھوٹی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج تک اس کیس کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، ایرانی فوجی حکام تحقیقات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کا یقینی طور پر اسلامی جمہوریہ کی طرف سے جرات مندانہ جواب دیا جائے گا۔
گزشتہ بدھ کو فلسطینی گروپ کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔