جرمنی کے مغرب میں دریائے موزل کے کنارے واقع چھوٹے سے قصبے کرؤو میں ایک ہوٹل کے جزوی طور پر منہدم ہو جانے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ عمارت کے انہدام کی وجہ کیا تھی۔
پولیس کے مطابق منگل کی رات جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں ایک ہوٹل کی عمارت جزوی طور پر منہدم ہو جانے کے بعد کم از کم آٹھ افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جب کہ دو افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے ۔
ملبے میں پھنسے متاثرین میں ایک بچہ بھی شامل ہے تاہم اسے جسمانی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس نے ریسکیو کارکنوں سے رابطہ کر لیا ہے۔
مقامی باشندوں نے رات گیارہ بجے سے چند منٹ قبل اس بارے میں پولیس کو اطلاع دی، جس کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
پولیس نے بدھ سات اگست کی صبح بتایا، ”کئی لوگ اپنے طور پر اس عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے اہلکار اور ڈاکٹر ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔‘‘
پولیس نے بتایا کہ جب اس عمارت کی ایک منزل منہدم ہوئی، تو اس ہوٹل میں 14 افراد موجود تھے۔ ان میں سے پانچ خود ہی اس عمارت کے ملبے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور وہ زخمی نہیں تھے۔
حکام نے بتایا کہ امدادی کارکن وہاں پھنسے ہوئے باقی ماندہ افراد میں سے چند سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان میں سے متعدد شدید زخمی بتائے گئے ہیں۔