امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ویانا کنسرٹس میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ویانا میں امریکی گلوکارہ کے کنسرٹ میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 3 آسٹرین نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا مرکزی کردار 19 سالہ نوجوان داعش کا حامی بتایا جا رہا ہے۔
آسٹریا کے حکام کے مطابق گرفتار نوجوانوں کی عمریں 19، 17 اور 15 سال ہیں، مرکزی مشتبہ 19 سالہ نوجوان کے اپارٹمنٹ سے مبینہ حملے میں استعمال ہونے والا کیمیائی مادہ اور دیگر سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مشتبہ 19 سالہ نوجوان نے حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے ویانا کنسرٹ میں دہشتگردی منصوبے کے معاملے پر آسٹرین حکام سے رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریا کے حکام کے مطابق سکیورٹی حکام کی جانب سے حملے کی منصوبہ بندی کی تصدیق کے بعد دارالحکومت ویانا میں ٹیلر سوئفٹ کے تین کنسرٹ منسوخ کیے گئے۔
ٹیلرسوئفٹ 8، 9 اور 10 اگست کو ویانا کے ارنسٹ ہیپل اسٹیڈیم میں پرفارم کرنے والی تھیں جس میں ہر روز تقریباً 65 ہزار شرکاء کی آمد کی توقع تھی۔