یورپ کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھر میں آگ لگ گئی
زپوریژیا نیو کلیئر پاور پلانٹ میں اتوار کی شب آگ لگی تھی۔
آتشزدگی کے بعد روس اور یوکرین دونوں جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یہاں کسی قسم کی تابکاری کا اخراج نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق آگ بھڑکنے سے قبل یہاں دھماکوں کی آواز سنی گئی تھی۔
روس کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پلانٹ میں لگی آگ پر رات کو ہی قابو پا لیا گیا تھا تاہم پلانٹ کا غیر فعال کولنگ ٹاور تباہ ہو گیا ہے۔
یوکرین کی جوہری توانائی کمپنی انرگوتم کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کے ایک کولنگ ٹاور اور دیگر آلات کو نقصان پہنچا ہے۔
روس کے زیرِ قبضہ یوکرین کے اس پاور پلانٹ میں چھ ایٹمی ری ایکٹرز ہیں۔
اتوار کی شب کو لگنے والی آگ کی وجوہات پیر کی صبح تک معلوم نہیں ہو سکیں۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے الزام لگایا ہے کہ روس نے آگ لگائی ہے جو کہ یوکرین کے شہر نکوپول سے نظر آ رہی تھی۔
دوسری جانب روسی حکام نے الزام لگایا ہے کہ یوکرین کی فورسز نے پاور پلانٹ کے قریب شیلنگ کی ہے جس پلانٹ میں آتش زدگی ہوئی۔