یوگنڈا کی پولیس کا کہنا ہے کہ کوڑے کرکٹ کے بہت بڑے ڈھیر کے سرکنے اور لوگوں پر گرنے کے باعث مرنے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے
دوسری جانب ریسکیو ورکرز کوڑے کی کھدائی کر کے زندہ افراد کو نکالنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی لینڈ فِل سائٹ پر ایک بہت بڑا ڈھیر جمعے کو زمین بو ہو گیا تھا۔
اس ڈھیر کی وجہ سے بہت سے قریبی مکانات دب گئے تھے جس میں اس وقت لوگ سو رہے تھے۔
صدر یووری موسیوینی نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو ہدایت کی ہے کہ وہ کچرے کے ڈھیر کے قریب رہنے والے تمام لوگوں کو ہٹائیں۔
یوگنڈا کی حکومت نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور کہا ہے کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کم سے کم 14 افراد کو بچا لیا گیا ہے تاہم اب بھی بہت سارے لوگ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر تلے دبے ہوئے ہیں۔
دارالحکومت کمپالا میں کچرا ٹھکانے لگانے کا یہ واحد مقام ایک بڑے پہاڑ جیسا بن گیا تھا۔