اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں اپنی کارروائیوں کے دوران کم از کم 30 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ تلکرم کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی حملہ کیا گیا۔
فوج نے پیر کو بتایا تھا کہ اس نے جنین میں 14 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے اور 25 دہشت گردگرفتار کر لیے ہیں۔
ایک اور واقعہ میں جنین کے قصبے کفر دان میں ایک 16 سالہ لڑکی اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئی۔
فلسطین کی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں جہاں اسرائیلی فورسز ایک ہفتے سے کارروائیاں کر رہی ہیں، بدھ کے روز سے اب تک 30 افراد ہلاک اور 130 کے لگ بھگ زخمی ہو چکے ہیں۔
فوج کہنا ہے کہ جینن اور اس سے ملحقہ پناہ گزین کیمپ طویل عرصے سے اسرائیل کے خلاف لڑنے والے عسکریت پسندوں کا ایک گڑھ رہا ہے۔
جنین کے قریب تلکرم کے متعلق فوج نے پیر کی رات بتایا کہ اس کے طیاروں نے وہاں موجود ایک فلسطینی عسکری ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں سے سیکیورٹی فورسز پر گولی چلائی گئی تھی۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق، غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوجیوں اور آباد کاروں نے مغربی کنارے میں کم از کم 637 فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق اسی عرصے کے دوران فلسطینیوں کے حملوں میں فوجیوں سمیت کم از کم 23 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔