ڈیمو کریٹک صدارتی اُمیدوار کاملا ہیرس اور ری پبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثے کے لیے فلاڈیلیفا کے نیشنل کانسٹی ٹیوشن سینٹر میں تیاریاں مکمل ہیں۔
منگل کی شب ہونے والے اس مباحثے کو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
مباحثے کے لیے 90 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے جس میں ‘اے بی سی نیوز’ کے ڈیوڈ مویئر اور لِنسی ڈیوس دونوں اُمیدواروں سے سوالات کریں گے۔
یہ صدارتی مباحثہ انتخابات سے آٹھ ہفتے قبل ہو رہا ہے جب کہ کچھ ریاستوں میں ‘ارلی ووٹنگ’ میں بھی چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔
الیکشن سے قبل ہونے والے پولز کے مطابق دونوں اُمیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جولائی میں صدر بائیڈن نے انتخابی مہم سے دست برداری کا اعلان کرتے ہوئے کاملا ہیرس کو صدارتی اُمیدوار بنانے کی حمایت کی تھی۔
یہ اعلان جون کے آخر میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والے صدارتی مباحثے میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھانے کے بعد سامنے آیا تھا۔ جب بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم ختم کی تو اس وقت وہ رائے عامہ کے جائزوں میں ڈونلڈ ٹرمپ سے پیچھے تھے۔
اتوار کو ‘نیو یارک ٹائمز’ سینا کالج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سروے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 47.48 فی صد کی برتری کے ساتھ دکھایا گیا ہے
سروے کے مطابق وسکونسن، مشی گن اور پینسلوینیا میں ہونے والے کئی پولز میں کاملا ہیرس ٹرمپ سے آگے ہیں۔ بیٹل گراؤنڈ ریاستوں سے مراد وہ ریاستیں ہیں جو انتخابی نتائج میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہیں۔
جائزوں کے مطابق ایریزونا، جارجیا، نیواڈا اور نارتھ کیرولائنا میں دونوں اُمیدواروں کے درمیان برابر کا مقابلہ ہے۔