فرانس کے انسداد دہشت گردی کے لیے پراسیکیوٹر نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ فرانس کے سیکیورٹی حکام نے اولمپک گیمز کے دوران دہشت گردی کے تین منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔
پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اسرائیلی ٹیم براہ راست ان دہشت گردانہ منصوبوں کا نشانہ نہیں تھی۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ان تمام واقعات میں مجموعی طور پر 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جن میں ایک چھوٹا بچہ بھی شامل تھا۔
یہ مشتبہ طور پر دہشت گردی کے تین منصوبوں کا حصہ تھے۔ جو اولمپک گیمز کے دوران دہشت گردی کرنا چاہتے تھے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام 5 افراد کو مقدمے کی سماعت سے پہلے کے مرحلے میں حراست کا سامنا ہے اور ان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیق و تفتیش چل رہی ہے۔
واضح رہے اولمپک گیمز کے دنوں میں بطور خاص فرانس میں ہائی الرٹ کی پوزیشن رہی اور فرانس میں غیرمعمولی طور پر حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔
مئی میں اندرونی سلامتی کے ڈائریکٹوریٹ نے 18 سالہ لڑکے کو گرفتار کیا۔ اس کا تعلق چیچینیا سے بتایا گیا۔ اس پر شبہ ہے کہ وہ اولمپک گیمز میں فٹبال میچ کے دوران دہشت گردانہ کارروائی کا سوچ رہا تھا۔ اس کا تعلق مبینہ طور پر داعش کے نظریات کے ساتھ بتایا گیا ہے۔
فرانس کے سرکاری حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اولپک گیمز کے دوران اس طرح کے خطرات کی وجہ سے بہت سے گھروں کی تلاشی لی گئی، کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اولمپکس گیمز اس سال 26 جولائی سے 11 اگست تک پیرس اور دوسرے فرانسیسی شہروں میں منعقد ہوئے تھے۔