Saturday, October 12, 2024, 9:05 PM
**جیوری نے ٹرمپ کو تمام 34 جرائم میں قصور وار قرار دے دیا **سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’ہش منی‘ کیس میں جیوری نے انہیں قصوروار قرار دیا ہے **فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹرائل کو غیر شفاف قرار دیا **جج متعصبانہ رویہ رکھتے تھے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **فرد جرم میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 34 الزامات کا سامنا تھا
بریکنگ نیوز
Home » کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ

کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ

مباحثے میں اسقاطِ حمل، معیشت، امیگریشن پر گرما گرم بحث

by NWMNewsDesk
0 comment

ریپبلکن پارٹی کے صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی نائب صدر کاملا ہیرس کے درمیان پہلے مباحثے میں اسقاطِ حمل، معیشت، امیگریشن اور سابق صدر کو درپیش قانونی اُلجھنوں پر گرما گرم بحث ہوئی۔

امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کاملا ہیرس کے درمیان فلاڈیلفیا میں پہلا صدارتی مباحثہ ہوا جو 90 منٹ تک جاری رہا۔

افغانستان سے فوجی انخلا سے متعلق سوال پر کاملا ہیرس نے کہا کہ وہ صدر بائیڈن کے افغانستان سے انخلا کے فیصلے سے متفق تھی۔ کیوں کہ اس کے نتیجے میں امریکی عوام کو وہ اخراجات برداشت نہیں کرنا پڑے جو اس سے قبل ایک لامتناہی جنگ کے نتیجے میں انہیں ادا کرنا پڑ رہے تھے۔

ہیرس نے الزام عائد کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے افواج کے انخلا کے لیے کمزور ترین معاہدہ کیا تھا اور وہ بہت ہی کمزور اور خوف ناک معاہدہ تھا۔

banner

ہیرس نے کہا کہ ٹرمپ نے افغان حکومت کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے دہشت گرد تنظیم طالبان سے براہِ راست مذاکرات کیے جس کے نتیجے میں طالبان نے اپنے پانچ ہزار دہشت گردوں کو رہا کرایا۔

ہیرس نے کہا کہ ٹرمپ نے طالبان کو کیمپ ڈیوڈ آنے کی دعوت دے کر بطور صدر غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا کیوں کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں معزز عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا جاتا ہے۔

ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اُس وقت کو دیکھیں جب طالبان ہمارے فوجیوں کو قتل کر رہے تھے تو اس وقت ان سے بات چیت کی کیوں کہ وہ افغانستان میں فائٹنگ فورس تھے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے دوران اٹھارہ ماہ تک ہمارا کوئی اہلکار نہیں مارا گیا اور وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے مذاکرات کے نتیجے میں جو معاہدہ ہوا وہ بہت اچھا معاہدہ تھا۔

ٹرمپ نے بائیڈن حکومت پر معاہدے کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ معاہدے پر عمل کیا ہوتا تو افغانستان سے جلد انخلا مکمل کر لیتے اور نہ ہمارے فوجی مرتے، نہ ہم بہت سے امریکیوں کو پیچھے چھوڑ آتے اور نہ ہم وہاں 85 ارب ڈالر کا فوجی ساز و سامان چھوڑ آتے۔

ان کے بقول طالبان سے معاہدے میں سب کچھ طے تھا کہ کیا کرنا ہے لیکن بائیڈن حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ “معاہدہ ہماری طرف سے ختم ہوا کیوں کہ انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا اور انہوں نے بدترین انخلا کیا جو میرے خیال سے ہمارے لیے تاریخ کا سب سے شرم ناک لمحہ تھا۔”

نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا کہ وہ اپنی توجہ مستقبل پر مرکوز رکھنا چاہتی ہیں۔ لیکن ٹرمپ ماضی میں ہی پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے پاس متوسط طبقے کی مدد کے لیے منصوبہ ہے۔

ٹرمپ نے ہیرس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کاملا صدارتی آفس میں ہیں تو انہوں نے اپنے منصوبے پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا۔

59 سالہ سابق پراسیکیوٹر کملا ہیرس نے ایک پورن سٹار کو پیسے دینے سمیت دیگر مقدمات پر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کسی بھی جرم کا مرتکب ہونے کی تردید کی اور ایک بار پھر کاملا ہیریس اور ڈیموکریٹس پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ثبوتوں کے بغیر ان کے خلاف تمام مقدمات بنائے۔

کاملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ملکی اشیا پر زیادہ سے زیادہ محصولات عائد کرنے کے ارادے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹرمپ نے ہمارے لیے بدترین بے روزگاری چھوڑی۔‘
78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ کی مدت کے دوران افراطِ زر میں مسلسل اضافے پر ہیرس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس دوران وہ مہنگائی کی شرح کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے رہے۔

انہوں نے اپنے سرِفہرست مسئلے امیگریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پھر دعویٰ کیا کہ تارکین وطن میکسیکو کے ساتھ امریکی جنوبی سرحد عبور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی لوگوں کے لیے، متوسط ​​طبقے کے لیے، ہر طبقے کے لیے تباہی بنی ہوئی ہے

ہیرس اسقاطِ حمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں اور انہوں نے سپریم کورٹ کے 2022 کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ نے جان بوجھ کر تین قدامت پسند سپریم کورٹ ججوں کا انتخاب مخصوص نیت سے کیا اور آخرکار، ان کی حکومت کے دوران یہ فیصلہ منسوخ کر دیا گیا۔‘

صدارتی امیدواروں نے غزہ جنگ اور یوکرین پر روسی حملے کے حوالے سے بھی بات چیت کی، اگرچہ دونوں میں سے کسی نے بھی واضح نہیں کیا کہ وہ تنازع کو کیسے ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

کاملا ہیریس نے ٹرمپ پر الزام لگایا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کی حمایت کے لیے یوکرین کے لیے امریکی حمایت ختم کرنا چاہتے ہیں جبکہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کملا ہیرس اسرائیل سے ’نفرت‘ کرتی ہیں تاہم انہوں نے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔

مزید پڑھیے

مضامین

بلاگز

 جملہ حقوق محفوظ ہیں   News World Media. © 2024