ایران نے اپنا ریسرچ سیٹیلائٹ ہفتے کو خلا میں روانہ کردیا ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ‘ارنا’ کے مطابق 60 کلو گرام وزنی ‘چمران ون’ سیٹیلاٹ کو ہفتے کو خلا میں روانہ کیا گیا جو کامیابی سے 550 کلومیٹر دور خلا کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریسرچ سیٹیلائٹ کو پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے مقامی سطح پر بنائے گئے راکٹ ‘قائم 100’ کی مدد سے خلا میں بھیجا گیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق سیٹیلائٹ سے زمین پر سگنل موصول ہوئے ہیں۔
اس سے قبل رواں برس جنوری میں ایران نے کہا تھا کہ اس نے کامیابی کے ساتھ تین سیٹیلائٹ خلا میں بھیجے ہیں۔
سیٹیلائٹ خلا میں بھیجنے کا مقصد بلندی پر ہارڈویئر اور سافٹ ویئر سسٹم کی ٹیسٹنگ ہے۔
امریکہکا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے سیٹیلائٹ لانچنگ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے خلاف ہے۔ واشنگٹن نے تہران پر زور دیا تھا کہ وہ بیلسٹک میزائل کے ذریعے جوہری ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت حاصل کرنے سے باز رہے۔
ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر اقوامِ متحدہ کی عائد کردہ پابندیاں گزشتہ برس اکتوبر میں ہی ختم ہو گئی تھیں