نئی دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال نے بدعنوانی کیس میں ضمانت ملنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔
کیجریوال نے اتوار کو عام آدمی پارٹی کے ارکان سے میٹنگ کے دوران اپنے استعفے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس وقت اس عہدے (وزارت اعلٰی) پر واپس آئیں گے جب لوگ دہلی کے آنے والے انتخابات میں انہیں ووٹ دے کر ان کی ایمانداری کی تصدیق کریں گے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے دہلی کے انتخابات کو فروری 2025 کے بجائے رواں برس نومبر میں کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا میں مہاراشٹر کے انتخابات کے ساتھ نومبر میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتا ہوں، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ انتخابات فوری کرائے جائیں۔
اروند کیجریوال کو رواں برس مارچ میں ملک کے عام انتخابات کے کئی مہینے قبل انڈیا کی معاشی جرائم کے خلاف کام کرنے والی ایجنسی نے نئی دہلی کی شراب پالیسی کے حوالے سے گرفتار کیا تھا۔
اگرچہ انہیں اس کیس میں جولائی میں ضمانت مل گئی تھی لیکن اسی پالیسی کے حوالے سے ایک اور بدعنوانی کے کیس میں دہلی پولیس نے انہیں گرفتار کیا تھا جس کی وجہ سے وہ جیل میں ہی رہے تھے۔