اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا اعلان کیا۔
اسرائیلی فوج ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کو دیر گئے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے سینکڑوں راکٹ لانچر بیرلز کو تباہ کر دیا۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ لڑاکا طیاروں نے دوپہر کے بعد سے تقریباً 100 راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا جو لگ بھگ ایک ہزار بیرلز پر مشتمل تھے۔
اسرائیلی حملوں میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں جنوبی لبنان کا قصبہ دیر قانون بھی شامل تھا۔
کارروائی میں اسرائیل نے جنوبی لبنان میں درجنوں بم برسائے۔ فوری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملوں کا مقصد تنظیم کی دہشت گردانہ صلاحیتوں کو کم کرنا اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے بھی شمالی مقبوضہ شام کے علاقے گولان میں میزائل داغے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرزی ہیلیوی نے شمالی علاقے سے متعلق منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ جمعرات کو اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کئی مقامات پر پے در پے حملے کیے۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے علاقے مغربی الجلیل میں میزائل داغ کر جواب دیا۔
لبنان کی عسکریت پسند تنظیم کے حملے میں دو فوجی گاڑیاں نشانہ بنیں، حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور کم از کم 15 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔