لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31 ہو گئی ہے
دوسری جانب حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں اس کے 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں دو سینئر کمانڈر بھی شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والے حزب اللہ کے کمانڈرز میں ایلیٹ یونٹ کے سینئر رکن ابراہیم عقیل اور اسپشل فورس کے کمانڈر احمد وہابی شامل ہیں۔
اسرائیل نے جمعے کو بیروت میں ایک آٹھ منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔
لبنان کے وزیرِ صحت فراس عابد نے ہفتے کو میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سات خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
وزیرِ صحت کے مطابق واقعے میں 68 افراد زخمی ہوئے تھے ۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے کارروائی میں حزب اللہ کی ایلیٹ فورس کے کمانڈر ابراہیم عقیل سمیت 11 اہم ذمے داران کو ہلاک کیا ہے۔
فضائی حملے سے قائم اسٹریٹ پر واقع آٹھ منزلہ عمارت اور اس کے برابر والی عمارت کو نقصان پہنچا جہاں حزب اللہ کے رہنماؤں کا اجلاس ہو رہا تھا۔
میزائل حملے کے نتیجے میں متاثرہ عمارت کے قریب دکانوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔
جمعے کو ہونے والی فضائی کارروائی ایسے موقع پر ہوئی جب حزب اللہ نے کئی گھنٹے قبل اسرائیل کے شمالی علاقوں کی جانب کئی راکٹ فائر کیے جن میں سے کئی راکٹس اسرائیل کے دفاعی نظام آئرن ڈوم نے فضا میں ہی تباہ کر دیے تھے۔
رواں ہفتے حزب اللہ کے زیرِ استعمال پیجرز اور واکی ٹاکی جیسی کمیونی کیشن ڈیوائسز میں دھماکوں کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک اور لگ بھگ تین ہزار زخمی ہوگئے تھے۔
حزب اللہ نے کمیونی کیشن ڈیوائسز دھماکوں کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے بدلہ لینے کی دھمکی دی تھی۔