امریکی محکمہ تجارت نے اسمارٹ گاڑیوں میں چینی اور روسی ٹیکنالوجی کے استعمال پر پابندی کی تجویز دی ہے۔
اس تجویز کی منظوری کی صورت میں چینی کاروں کا امریکی مارکیٹ میں داخلہ بند ہو جائے گا۔
نئے قواعد پر عمل درآمد شروع ہوا تو امریکہ کے بڑے آٹومیکرز کو اپنی گاڑیوں سے چینی سوفٹ ویئر اور ہارڈ ویئر نکالنا پڑیں گے۔
اس سے قبل رواں برس فروری میں انہوں ںے اعلان کیا تھا کہ گاڑیوں میں چینی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے معلومات حاصل کرنے جیسے خدشات کی تحقیقات کی جائیں گی۔
حکومت نے اس مجوزہ پابندی کے لیے قومی سلامتی سے متعلق خدشات کو بنیاد بنایا ہے۔
محکمہ تجارت کے بیور وآف انڈسٹری اینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ ان سسٹمز تک مشتبہ رسائی کے ذریعے ہمارے حریف حساس معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور دوردراز فاصلے سے امریکی سڑکوں پر گاڑیوں کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔
حکومت نے یہ نشان دہی نہیں کی ہے کہ کون سے مینوفیکچرر یا ماڈلز نئے قواعد کی زد میں آئیں گے۔ آئندہ 30 روز تک ان مجوزہ قواعد پر عوام اپنی رائے کا اظہار کر سکتے ہیں۔
پابندی سے متعلق اطلاعات پر چین نے پیر کو خبردار کیا ہے کہ امریکہ اس کی فرمز کے خلاف ’امتیازی اقدامات‘ سے باز رہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے درجمان لن جیان نے کہا کہ چین امریکہ کی جانب سے قومی سلامتی کے تصور کا دائرہ وسیع کرنے اور چینی کمپنیوں اور مصنوعات کے خلاف امتیازی اقدمات کی مخالفت کرتا ہے۔