اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل اسمبلی اجلاس سے افتتاحی خطاب میں کہا ہے کہ لبنان جنگ کے دہانے پر ہے اور ہم اس کے ایک اور غزہ بننے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم سب کو بڑھتی ہوئی اشتعال انگریزی کے خطرے کو محسوس کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ ایک نہ ختم ہونے والا ڈراؤنہ خواب بن چکا ہے جس کے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لینے کا خطرہ ہے، ہمیں اسے لبنان سے آگے بڑھنے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے یوکرین، غزہ کی پٹی اور سوڈان میں جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے حکومتوں اور دوسرے گروپوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی مذمت کی جو یہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ سزا سے بچ جائیں گے اور اس کے حقدار بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومتیں اور گروپ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون کو پامال کر سکتے ہیں، وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کر سکتے ہیں، وہ کسی دوسرے ملک پر حملہ کر سکتے ہیں، پورے معاشرے کو تباہ برباد کر سکتے ہیں یا اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کو بالکل نظر انداز کر سکتے ہیں اور ان کو کچھ نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ان جرائم میں ملوث عناصر کو دنیا بھر میں حاصل استثنیٰ سیاسی طور پر ناقابل دفاع اور اخلاقی طور پر ناقابل برداشت ہے