چین نے اپنی کمزور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے جرأت مندانہ اقدامات کا اعلان کیا ہے
حکومت نے 2024 میں 5 فیصد کی ترقی کا ہدف مقرر کیا ہے ۔
چینی مرکزی بینک کے سربراہ پین گونگ شینگ نے بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہےکہ وہ ملک میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مختلف شرحوں میں کمی کریں گے۔
کیپیٹل اکنامکس میں چینی معیشت کے سربراہ جولین ایونز نے کہا ہے کہ یہ اقدامات کورونا وبا کے اوائل کے بعد معاشی ترقی کی فروغ کے لیے سب سے اہم ہیں۔
پین گونگ شینگ کے مطابق ان اقدامات کے اعلان میں ریزرو ریکوائرمنٹ ریشو میں کمی بھی شامل ہے جو یہ طے کرتی ہے کہ بینکوں کو کتنی رقم ریزرو میں رکھنی چاہیے، اس اقدام سے مالیاتی مارکیٹ میں ایک کھرب یوان (141.7 بلین ڈالر) کی طویل مدتی لیکویڈٹی شامل کی جائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت گھروں کے لیے قرضوں کے موجودہ شرح کو بھی کم کریں گی اور یہ کمرشل بینکوں کی رہنمائی کرے گی تاکہ موجودہ قرضوں کی شرح سود کو نئے جاری کردہ قرضوں کی شرح سود کے قریب لایا جاسکے۔
پین گونگ شینگ نے کہا کہ اس اقدام سے ملک بھر میں15 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔
چین کی جانب سے ان اقدامات کے اعلان کے بعد ہانگ کانگ میں شیئرز میں تین فیصد سے زیادہ اور شنگھائی کے شیئرز میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ چین کی مجموعی ملکی پیداوار میں جائیداد اور تعمیرات کا طویل عرصے سے ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ رہا ہے، لیکن یہ شعبہ 2020 سے غیر معمولی دباؤ کا شکار ہے۔