اسرائیل کی شمالی کمان کے سربراہ میجر جنرل اوری گورڈن نے کہا ہے کہ لبنان میں “کارروائی” کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
میجر جنرل اوری گورڈن کا کہنا ہے کہ مہم کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
بدھ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی کی صورتِ حال کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں کارروائی اور ایکشن کے لیے مکمل تیار رہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کے افسران زمینی آپریشنز کے لیے اکثر “منوورز” کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ عسکری گروپ حزب اللہ کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر اس نے اپنے ریزرو فوجیوں کو فعال کر دیا ہے۔ شمالی علاقے میں آپریشنل مشنز کے لیے دو ریزرو بریگیڈز کو طلب کر لیا ہے
اسرائیل اور لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں نے ایک دوسرے پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی حملے کیے ہیں
اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے لبنان پر حملوں کے دوران پانچ روز میں 90 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی کے امور کے کورڈینیشن نے بدھ کو کہا کہ لگ بھگ ایک سال قبل شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے راکٹ حملے اور اسرائیل کی جوابی کارروائی کے بعد سے لبنان میں دو لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔