آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا نے کہ ہمارے پاس ایک خوشخبری ہے، ہم نے پاکستان کے لیے ’ریویو‘ مکمل کر لیا ہے، پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے، معیشت کی گروتھ اور مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔
پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرسٹالینا جیورجیوا نے کہا کہ ’میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کو مبارکباد دیتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے اصلاحات کی ہیں، جس سے معیشت میں بہتری آئی ہے۔‘
آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ پاکستان نے مثبت اصلاحات کی ہیں اور اب پیدوار کا گراف اوپر کی جانب ہے جبکہ افراط زر نیچے آ رہی ہے اور معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کرسٹالینا جیورجیوا نے کہا کہ حکومت امیروں سے ٹیکس لے رہی ہے اور غریبوں کی مدد کی جا رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں اسٹاف لیول معاہدے کے بعد ایگزیکٹو بورڈ کے اگست اور ستمبر کے پہلے تین ہفتوں میں اجلاس منعقد ہوئے تھے تاہم پاکستان کے پروگرام کی منظوری ان میں شامل نہیں تھی۔