ایران کی طرف سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کے حملے کے چند گھنٹے بعد اسرائیلی چیف آف اسٹاف جنرل ہرزی ہیلیوی نے ایران کو دھمکی آمیز انداز میں کہا ہے کہ ’اسرائیل ایران کے حملے کا جواب دے گا
ہرزی ہیلیوی نے کہا کہ وقت کا تعین کیا جائے گا، ایران کو اس حملے کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے “بہت طاقتور فضائی دفاعی نظام کے ساتھ دشمن کےتمام حملوں کو ناکام کی اپنی صلاحیت ثابت کی۔
انہوں نے کہا کہ “اس بات کا انتخاب ہم کریں گے کہ اب ایران کو کیا قیمت چکانا ہو گی۔ ہم سیاسی قیادت کی ہدایت کے مطابق اپنی درست اور اچانک حملہ کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کریں گے”۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے منگل کی شام ملک پر تقریباً 180 میزائل داغے۔
فوج نے وضاحت کی “اسرائیلی فوج کے نظام نے ایران سے اسرائیلی سر زمین کی طرف داغے گئے 180 میزائلوں کا پتہ لگایا”۔
دوسری طرف ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز اسرائیل پر میزائل حملہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے گذشتہ ہفتے اور حماس کے رہ نما اسماعیل ہنیہ کے جولائی میں قتل کے جواب میں کیا گیا ہے۔ پاسداران نے دھمکی دی کہ اگر اسرائیل نے اس کا جواب دیا تو تہران اسرائیل کو کچل دے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ “درجنوں بیلسٹک میزائلوں سے فائر کر کے پاسداران انقلاب کی فضائیہ نے مقبوضہ علاقوں کے قلب میں اہم سکیورٹی اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا”۔