پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رن سے ہرا دیا۔
راولپنڈی میں کھیلےگئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رن بنائے۔
اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے 51 گیندوں پر 80 رن کی جارحانہ اننگ کھیلی، انہوں نے 4 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔
آغا سلمان نے 37 رن کی اننگ کھیلی جب کہ جارڈن کاکس اور اعظم خان بالترتیب 26 اور 29 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے 2 جب کہ سلمان ارشاد اور لیوک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
197 رن کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی 5 وکٹیں 18 رن پر گرگئیں، اس کے بعد عامر جمال اور والٹر نے 106 رن کی شراکت لگائی۔
عامر جمال نے 48 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 87 رن کی اننگز کھیلی، والٹر نے 33 رن بنائے۔
پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر167رن بناسکی۔
اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان نے 3، حنین شاہ اور رومان رئیس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پی ایس ایل 9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دیکر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کی ہے، اس فتح کے ساتھ اس کے پشاور زلمی کے ہمراہ 7 پوائنٹس ہوگئے ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر وہ تیسرے نمبر آگئی ہے۔
ملتان سلطانز 12 پوائنٹس لیکر ٹاپ پوزیشن پر ہے اور پلے آف مرحلےکے لیےکوالیفائی کرچکی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، کراچی کنگز پانچویں اور لاہور قلندرز کی آخری پوزیشن ہے۔