انڈونیشیا کے صوبے آچے کی ساحلی پٹی پر روہنگیا مسلمانوں کی کشتی الٹنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
150 سے زائد پناہ گزین روہنگیا شہریوں کو لے جانے والی کشتی انڈونیشیا کے مغربی ساحل پر الٹ گئی جس میں کم از کم 50 افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کشتی سمندر کے بیچوں بیچ خراب ہوگئی اور تند و تیز لہروں کا دباؤ برداشت نہ کرسکنے کے باعث الٹ گئی۔
بے یار و مددگار روہنگیا شہریوں کی مدد کے لیے سب سے پہلے مقامی ماہی گیر پہنچے تاہم وہ صرف 4 خواتین اور 2 مردوں کو بحفاظت نکال سکے، بعد ازاں کوسٹ گارڈ کے اہلکار پہنچے لیکن بہت دیر ہوچکی تھی۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ کشتی میں 150 افراد تھے جن میں سے اکثر ڈوب گئے اور ان کی لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے، کم از کم بھی ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 ہوسکتی ہے۔