خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام میں دہشتگرد حملے میں ہلاک 5 چینی باشندوں کی میتیں خصوصی طیارے سے چین پہنچادی گئیں۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی خصوصی طیارے میں چین پہنچے۔
سالک حسین چینی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چین پہنچے، ووہان ایئرپورٹ پر چین کے اعلیٰ حکومتی حکام اور پاکستانی نمائندے نے استقبال کیا۔
وفاقی وزیر نے جاں بحق چینی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔
چوہدری سالک حسین نے صوبہ ہوبی کی نائب گورنر مس چن پنگ سے ملاقات کی، وفاقی وزیر نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے چوہدری سالک حسین اس گھناونے جرم کا ارتکاب کرنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔