فلسطینی بھکاری کروڑ پتی نکلا
پولیس نے چھاپے کے دوران گھر سے 5 لگژری گاڑیاں اور بھاری رقم برآمد کرلی۔
فلسطینی پولیس نے مغربی کنارے پر واقع شہر رام اللہ کے شمالی قصبے بیر زیت میں ایک بھکاری کے گھر پر چھاپہ مار کر انتہائی لگژری گاڑیاں اور 15,000 شیکل کی بھاری رقم برآمد کی ہے۔
فلسطینی پولیس نے چھاپے اور گرفتاری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ افسران کو صوبے کے باہر سے آنے والے ایک شخص پر شک ہوا جو مشکوک حالات میں بر زیت میں گشت کے دوران گاڑی میں بیٹھا دکھائی دیا تھا۔
پولیس کے مطابق حراست میں لیا گیا فرد چوراہوں اور سڑکوں پر بھیک مانگنے میں مصروف تھا اور اس نے دیگر لوگوں کو بھی رام اللہ کے مختلف عوامی مقامات اور چوراہے پر بھیک مانگنے کے لیے کام پر رکھا ہوا تھا۔
پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے سرچ وارنٹ کے اجراء کے بعد، مشتبہ شخص کی رہائش گاہ کی تلاشی لی گئی، اس دوران اس کے پاس پانچ لگژری گاڑیوں کا انکشاف ہوا جو مبینہ طور پر اس اور اس کے بھائی کی تھیں، دونوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔