دبئی، ابوظبی اور سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں شہری علاقوں کے علاوہ صحرائی وادیاں بھی پانی سے بھر گئیں۔
سعودی عرب میں ریاض، الخرج، القصیم، بریدہ، دمام،الخبر، الاحساء،الجبیل اور دیگر علاقوں میں تیز بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں شہروں کی اہم شاہراہیں اور انڈر پاسز میں پانی بھرگیا جب کہ گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔
تیز طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سعودی شہری علاقوں کے علاوہ صحرائی وادیاں بھی بارش کے پانی سے بھر گئی ہیں، بارش کا پانی کاروباری مراکز میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
سعودی عرب کے شہروں دمام اور الخبر میں بارش کے باعث بلدیہ نے تمام انڈر پاس اور پل بند کردیے جب کہ عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دوسری جانب دبئی اورابوظبی میں تیز بارش ہوئی،گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ سے موسلادھار بارشوں کا آغاز ہو ا تھا، دبئی ائیرپورٹ کے مسافروں کا متبادل ٹرانسپورٹ پلان تیار کرلیا گیا ہے اور بتایا جارہا ہے کہ دبئی ائیرپورٹ کے مسافروں کےلیے میٹرو آج بھی رات بھر چلے گی۔
دبئی اور ابوظبی میں تیز طوفانی بارشوں کے باعث تعلیمی اداروں کو 2 دن آن لائن کلاسز لینے اور نجی دفاتر میں ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کردی گئی ہے جب کہ بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
سلطنت عمان کے متعدد گورنریٹس میں بارش سے متعدد وادیوں او چٹانویں میں سیلاب آگیا۔