Saturday, September 21, 2024, 10:38 AM
**جیوری نے ٹرمپ کو تمام 34 جرائم میں قصور وار قرار دے دیا **سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’ہش منی‘ کیس میں جیوری نے انہیں قصوروار قرار دیا ہے **فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹرائل کو غیر شفاف قرار دیا **جج متعصبانہ رویہ رکھتے تھے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **فرد جرم میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 34 الزامات کا سامنا تھا
بریکنگ نیوز
Home » پاکستان میں قرآن کی بے حرمتی کے الزام کے بعد ہجوم کا جلاؤ گھیراؤ، 25 ملزمان گرفتار

پاکستان میں قرآن کی بے حرمتی کے الزام کے بعد ہجوم کا جلاؤ گھیراؤ، 25 ملزمان گرفتار

مشتعل ہجوم نے گھر کے معمر مالک 75 سالہ نوید مسیح کو تشدد کا نشانہ بنایا

by NWMNewsDesk
0 comment

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے شہر سرگودھا کی مجاہد کالونی میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے واقعے کے بعد مشتعل ہجوم نے ایک شخص کے گھر کا گھیراؤ کر لیا اور اسے آگ لگانے کی بھی کوشش کی۔

مشتعل ہجوم نے گھر کے معمر مالک 75 سالہ نوید مسیح کو تشدد کا نشانہ بنایا جسے پولیس نے مشتعل افراد سے چھڑوا کر اسپتال منتقل کر دیا۔

مشتعل افراد نے زخمی شخص کو اسپتال لے جانے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر بھی پتھراؤ کیے جس سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ہفتے کی صبح مجاہد کالونی میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کی اطلاع پر اہلِ علاقہ مشتعل ہو گئے اور ٹائر جلا کر احتجاج شروع کر دیا۔

banner

ہجوم میں شامل کچھ افراد مذہبی نعرے بازی بھی کرتے رہے اور لوگوں کو ایک گھر کو آگ لگانے پر اکساتے رہے۔

کچھ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی تھے جب کہ جس شخص پر قرآن کی مبینہ بے حرمتی کا الزام تھا اس کے گھر کا بجلی کا کنکشن بھی زبردستی کاٹ دیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تین سے چار گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد صورتِ حال پر قابو پالیا اور توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کے الزام میں لگ بھگ پچیس ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

مجاہد کالونی کے لوگوں نے بتایا کہ مسیحی شہری کے گھر کے قریب لگا بوسیدہ اوراق کا باکس جھگڑے کی وجہ بنا۔

ایک شہری محمد رزاق نے بتایا کہ سلطان مسیح کے گھر کی دیوار کے پاس قرآن کے بوسیدہ اوراق کا باکس نصب تھا۔ ہفتے کی صبح سلطان کے والد نوید مسیح پر الزام ہے کہ اس نے اس باکس سے قرآن کے بوسیدہ اوراق نکالے اور انہیں گلی میں رکھ کر آگ لگا دی۔

نوید مسیح اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے “یہ باکس کافی عرصے سے کسی مذہبی جماعت کے لوگوں نے لگا رکھا ہے، لوگ بوسیدہ اوراق اس میں ڈالتے ہیں۔ جب یہ باکس بھر جاتا ہے تو مذہبی جماعت کے لوگ آکر اسے خالی کر جاتے ہیں، ہم مسیحی لوگ ہیں ہمارا اس معاملے سے کیا لینا دینا۔”

اس موقع پر کچھ لوگوں نے گھر کے اندر داخل ہو کر نوید مسیح کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جسے پولیس نے بمشکل ہجوم کی گرفت سے نکال کر تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا۔

نوید مسیح کو اسپتال منتقل کرنے کے دوران ہجوم نے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر پتھراؤ بھی کیا جس سے ایمبولینس کے شیشے ٹوٹ گئے۔

واقعے کے بعد مشتعل ہجوم نے نوید مسیح کے بیٹے سلطان کی جوتوں کی فیکٹری کو بھی آگ لگا دی ہے۔

مزید پڑھیے

مضامین

بلاگز

 جملہ حقوق محفوظ ہیں   News World Media. © 2024