دبئی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی سربراہی میں امارات اسلامیہ افغانستان کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
اماراتی صدر سے افغانستان کی موجودہ انتظامیہ کے وزیر داخلہ ملا سراج الدین حقانی سربراہی میں وفد کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف موضوعات اورافغان باشندوں کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اماراتی صدر نے ملاقات کیلئے آنے والے وزیر داخلہ کے ہمراہ افغان وفد کا استقبال کیا، وفد میں طالبان کے چیف آف انٹیلی جنس ملا عبدالحق وثیق بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے میں استحکام کیلئے اقتصادی شعبے میں تعاون کی وسعت پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں افغان وفد نے خطے کی تعمیر نو اور ترقی کیلئے حکومت امارات کی طرف سے حمایت کا یقین دلایا۔