سائنسدانوں نے گزشتہ مہینے کو انسانی تاریخ کا گرم ترین مئی قرار دیا ہے۔
یہ مسلسل 12 واں مہینہ ہے جس نے گرم ترین ہونے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس سے قبل جون 2023 سے اپریل 2024 تک کے مہینوں کو انسانی تاریخ کے گرم ترین مہینے قرار دیا گیا تھا۔
یہ بات یورپی موسمیاتی ادارے Copernicus کلائیمٹ چینج سروس (سی سی سی ایس) نے ایک رپورٹ میں بتائی۔
مئی 2024 میں اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.52 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح 1991 سے 2020 کے مقابلے میں مئی 2024 میں اوسط درجہ حرارت 0.65 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔
مجموعی طور پر یہ مسلسل 11 واں مہینہ ہے جب عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ریکارڈ ہوا۔
خیال رہے کہ 2015 کے پیرس معاہدے میں طے کیا گیا تھا کہ عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز نہیں کرنے دیا جائے گا۔
یعنی عالمی درجہ حرارت پیرس معاہدے میں طے شدہ حد سے عارضی طور پر تجاوز کر چکا ہے اور ماہرین کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کے بدترین اثرات کی توقع کی جا رہی ہے۔
مئی کے دوران دنیا کے متعدد ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہا جبکہ پاکستان سمیت ایشیا کے بیشتر ممالک میں ہیٹ ویوز نے گرمی کی شدت کو مزید بڑھایا۔
یورپی موسمیاتی ادارے کے ڈائریکٹر کارلو بیونٹیمپو نے کہا کہ یہ حیران کن نہیں کہ مسلسل 12 ماہ گرم ترین رہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.63 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ 1991 سے 2020 کے مقابلے میں 0.75 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا۔