پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے نو مئی کے حوالے سے مشروط معافی مانگنے کا اعلان کر دیا ہے
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ نو مئی کے واقعات پر معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں لیکن پہلے سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اگر پی ٹی آئی کے لوگ نو مئی واقعات میں ملوث پائے گئے تو معافی مانگوں گا۔‘
صحافیوں سے گفتگو میں مزید کہا کہ ’اگر نو مئی میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث پائے گئے ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔‘
عمران خان نے صحافی کے سوال پر کہا کہ ’ہم بھی نو مئی کو معاف نہیں کریں گے۔ ہمارے لوگوں پر تشدد کیا گیا پارٹی کوالیکشن نہیں لڑنے دیا گیا۔ نو مئی کے متاثرین ہم ہیں، ہمیں انصاف چاہیے۔ نو مئی سے ڈرتا تو جوڈیشل کمیشن کا جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ نہ کرتا۔‘
انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’قاضی فائز عیسی نے ہمیں کرش کرنے کا پورا موقع دیا۔ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے میرے اغوا کو غیر قانونی کہا کیا۔ صرف آئی ایس پی ار کی عزت ہے اور ایک پارٹی ہیڈ کی کوئی عزت نہیں۔ میرے اغوا پر مجھ سے معافی مانگی جائے۔‘
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ’ثبوت آپ کے پاس پڑے ہیں اپ انہیں کیوں چھپا رہے ہیں ثبوت چھپانا جرم ہے،پرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔‘
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ نو مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو دیکھا گیا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’اسی لیے کہہ رہا ہوں سی سی ٹی وی فٹویجز نکالیں اور دیکھیں اس میں کون لوگ ہیں۔
صحافی نے پوچھا کہ نو مئی کے دن آپ کے لوگوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم دیکھے گئے۔ جس پرعمران خان نے کہا کہ پیٹرول بم ہم نے زمان پاک لاہور میں استعمال کیے تھے اور کہیں نہیں۔
صحافی کا سوال تھا کہ ’بہت ساری فوٹیجز موجود ہیں کہ پی ٹی آئی راولپنڈی کے کچھ مقامی تنظیمی عہدیداران پٹرول بم حساس عمارتوں پر پھینک رہے تھے۔‘
اس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’اگر کوئی تنظیمی عہدے دار حساس عمارتوں پر پٹرول بند پھینکنے میں ملوث ہے تو اسے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’نو مئی کو ہمارے 16 لوگ مر گئے۔ تین لوگوں کی ٹانگیں کٹیں، ایک کارکن مفلوج ہوا؟
صحافی نے سوال کیا کہ ’آپ کہہ رہے ہیں نو مئی کو آپ کے 16 لوگ ہلاک ہوئے اور کئی کارکن مفلوج ہو گئے لیکن اس کی تفصیل ابھی تک پی ٹی آئی نے جاری نہیں کی تو عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ’ہم نے ان کارکنوں کی مالی امداد کی، پولیس نے ان پر دباو ڈالا کہ وہ اس حوالے سے کوئی بات نہ کریں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ والے واقعے کے بعد لگ رہا ہے کہ پاکستان میں بھی کچھ بڑا ہونے والا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے کہ شیخ حسینہ کی طرح نواز اور زرداری بھی ملک سے جا سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرا مطالبہ ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور محسن نقوی کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے۔ میرا نام اس لیے ای سی ایل پر ڈالا جائے کہ میں جیل سے باہر بھی آ جاؤں تب بھی ملک سے باہر نہ جا سکوں۔
شیر افضل مروت کا پی ٹی آئی میں اس وقت کیا اسٹیٹس ہے؟ صحافی نے جب یہ سوال کیا تو بانی پی ٹی آئی صحافی کے سوال پر جواب دیے بغیر روانہ ہو گئے۔