ٹینس کی دنیا کے نامور اسٹار اور کلے کورٹ کے کِنگ اسپین کے رافیل نڈال کا انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔
22 گرینڈ سلیم ،اولمپکس میں سونے کا تمغہ اور 92 اے ٹی پی ٹائٹل سمیت بے شمار اعزاز اپنے نام کرنے والے اسپینش سٹار کو آخری میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
منگل کو کیریئر کے آخری میچ میں نڈال کو ڈیوس کپ ٹائی کے سنگلز میں ہالینڈ کے حریف نے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔
اپنے کیریئر کے آخری میچ کے بعد ٹینس کورٹ کو خیر باد کہتے ہوئے نڈال تھوڑے جذباتی بھی دکھائی دیے۔
الوداعی میچ کے بعد ٹینس ایریا میں نڈال کے شاندار کیریئر کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں، راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ ، سرینا ولیمز سمیت دنیا کے نامور کھلاڑیوں نے رافیل نڈال کو خراج تحسین پیش کیا۔
نڈال نے اپنے کیریئر کا آغاز 2001 میں 15 برس کی عمر میں کیا تھا۔
اس دوران انہوں نے 14 فرنچ اوپن سمیت 22 گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیے، ان میں 4 یوا یس اوپن اور 2، 2 بار آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ نڈال نے گزشتہ ماہ ٹینس کے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ وہ نومبر میں ڈیوس کپ کے بعد انٹرنیشنل ٹینس کو الوادع کہہ دیں گے۔