اپاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
پرل میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا 240 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
صائم ایوب نے 119 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 10 چوکے اور تین چوکے لگائے۔
پاکستان کے نائب کپتان سلمان علی آغا 82 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، نسیم شاہ نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور 9 رنز بنائے۔
ابتدائی چار وکٹیں 60 رنز پر گرنے کے بعد صائم ایوب نے نائب کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ شاندار پارٹنر شپ قائم کی اور اپنے کیریئر کی دوسری سنچری بھی اسکور کی۔
اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان رضوان صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، کامران غلام 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا اور اوٹنیل بارٹمین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، مارکو جینسن اور تبریز شمسی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہینرک کلاسن 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان ایڈن مارکرم نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔
اوپنر ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بنا کر سلمان علی آغا کا نشانہ بنے، ریان ریکلٹن نے 36 رنز بنائے، ٹرسٹن اسٹبس ایک، مارکو جینسن 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ابرار احمد نے دو، شاہین آفریدی اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔