امریکہ کے ایوانِ نمائندگان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت ہافتہ اخراجات سے متعلق پیکیج مسترد کر دیا ہے
امریکہ میں شٹ ڈاؤن کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے باوجود 38 ری پبلکنز نے پیکیج کے خلاف ووٹ دیا، جب کہ 3 ڈیموکریٹس ارکان کے علاوہ تمام نے اس کی بھرپور مخالفت کی۔
ایوانِ نمائندگان میں حکومتی اخراجات کے پیکیج پر ووٹنگ کے دوران 235 ارکان نے اس کی مخالفت کی، جب کہ 174 نے حمایت میں ووٹ دیا۔
حکومتی فنڈنگ کی میعاد جمعہ کی شب ختم ہو رہی ہے، اگر قانون ساز ڈیڈلائن میں توسیع کرنے میں ناکام رہے تو امریکی حکومت جزوی شٹ ڈاؤن پر چلی جائے گی، جس کی وجہ سے حکومتی ادارے معمول کے مطابق کام جاری نہیں رکھ پائیں گے۔
شٹ ڈاؤن کے باعث مالیاتی امور سے لے کر نیشنل پارکس میں کوڑا اٹھانے تک سرکاری خدمات متاثر ہوں گی۔
امریکی ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن نے خبردار کیا ہے کہ کرسمس کی چھٹیوں کے موقع پر مسافروں کو ہوائی اڈوں پر طویل قطاروں میں انتظار بھی کرنا پڑسکتا ہے۔
امریکہ میں شٹ ڈاؤن کی صورت میں لاکھوں وفاقی ملازمین بغیر تنخواہ ملازمت سے معطل ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد سرکاری کام رک جاتے ہیں۔
البتہ ’ناگزیر‘ کاموں سے منسلک اہل کاروں کو معطل نہیں کیا جاتا، لیکن شٹ ڈاؤن ختم ہونے تک انہیں ادائیگیاں نہیں کی جاتیں۔