امریکہ کے ایوانِ بالا (سینیٹ) نے ہفتے کی علی الصباح آئندہ برس مارچ تک حکومتی اخراجات کے لیے پیش کردہ عبوری بجٹ کا بل منظور کر لیا ہے جس کے بعد شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
حکومت کو شٹ ڈاؤن سے بچانے کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں (ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ) کو بل منظور کرنا پڑا ہے۔
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ بل کی حمایت کرتے ہیں۔
سینیٹ میں اس بل کے حق میں 85 ارکان جب کہ مخالفت میں 11 نے ووٹ دیا۔
اسی طرح ایوانِ نمائندگان میں 366 ارکان نے حق جب کہ 34 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ اس سے قبل ایوانِ نمائندگان میں دو مرتبہ بل منظوری کی کوشش ناکام ہوئی تھی۔
ری پبلکن پارٹی کے اکثریتی ایوان میں بل کی مخالفت میں پڑنے والے تمام 34 ووٹس ری پبلکنز ارکان کے تھے۔
حکومت کو آئندہ برس مارچ تک کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے جس میں 100 ارب ڈالر ہنگامی امداد اور 10 ارب ڈالر کسانوں کے لیے ہوں گے۔ البتہ یہ فنڈز وفاقی قرض کی حد میں اضافہ نہیں کریں گے۔