امریکہ کے سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔
سابق صدر کے تابوت کو توپوں کی سلامی دی گئی اور ایک فوجی بینڈ بجایا گیا۔
موٹر گاڑیوں کا ایک کونوائے ان کے تابوت کو لے کر ایک آخری سفر کے لیے کانگریس کی عمارت تک پہنچا۔
اراکین کانگریس کے ایک دو جماعتی وفد کی قیادت میں تابوت کو کانگریس کی عمارت کے مرکز کیپیٹل روٹنڈا تک لایا گیا۔
سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات میں موجودہ صدر جوبائیڈن، نومنتخب صدر ٹرمپ اور سابق صدور بل کلنٹن، بارک اوباما اور جارج بش شریک ہوئے۔
نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے اپنے مخالفین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے جمی کارٹر کی میت کے سامنے کھڑے تھے۔
پانچوں صدور نے جمی کارٹر کی امریکہ کے لیے خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بتائے گئے سنہری جمہوری روایات کو زندہ رکھنے کا عہد کیا۔
1977 سے 1981 تک امریکہ کے صدر رہنے والے جمی کارٹر 100 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد گزشتہ برس 29 دسمبر کو انتقال کر گئے تھے۔
واضح رہے کہ جمی کارٹر کو نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا تھا اور انھوں نے امریکی ڈرون حملوں کو انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے اُس وقت کے امریکی صدور بش اور اوباما کی مذمت کی تھی۔