امریکی ریاست الاسکا میں کوسٹ گارڈز کو گزشتہ روز تقریباً شام چار بجے لاپتہ ہو جانے والے طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
الاسکا کے محکمہ پبلک سیفٹی کے مطابق بیرنگ ایئر کا یہ طیارہ یونالکیٹ سے نوم شہر جا رہا تھا لیکن پرواز کے آدھ گھنٹے سے کم وقت کے بعد ہی اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا تھا۔
کوسٹ گارڈز کے ترجمان مائیک سیلرینو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دو امریکی کوسٹ گارڈ ریسکیو تیراک طیارے کے ملبے تک پہنچے
انہوں نے کہا کہ ’بدقسمتی سے یہ ایسا حادثہ نہیں جس میں کوئی زندہ بچ سکا ہو۔‘
الاسکا کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے سربراہ کلنٹ جونسن نے اسی پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس حادثے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب جب کہ ملبہ مل گیا ہے اور بدقسمتی سے 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اب وقت ہے کہ ہم کمر کس لیں اور کام میں لگ جائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سخت موسمی حالات کی وجہ سے سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آئیں اور اس دور دراز مقام سے شاید ڈیڈ باڈیز کو نکالنے مزید کچھ دن لگ جائیں۔
کوسٹ گارڈ کے مطابق یہ ملبہ نوم کے شمال مشرق میں 55 کلومیٹر فاصلے پر واقع مقام سے ملا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ طیارہ نورٹن ساؤنڈ جو بیرنگ سمندر کا ایک حصہ ہے، اس کے برفانی پانیوں کے اوپر ساحل سے لگ بھگ 19کلومیٹر دور لاپتا ہو گیا تھا۔