برطانیہ میں کرپٹو کرنسی اے ٹی ایمز کے غیر قانونی نیٹ ورک چلانے والے شخص اولومائڈ اوسنکویا کو مجرمانہ کیس میں 4 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
اولومائڈ اوسنکویا نے دسمبر 2021 اور مارچ 2022 کے درمیان 28 مختلف مقامات پر ان ڈیوائسز کو چلایا، جس سے 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ مالیت کی کرپٹو کرنسی ٹرانزیکشنز کو ممکن بنایا گیا۔
ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ کے جج گریگوری پیرنس نے کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ محض ریگولیٹری خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوسنکویا نے جان بوجھ کر اور غیر قانونی طور پر کام کیا، اور سراغ لگانے سے بچنے کے لیے جھوٹی شناخت اپنانے کی کوشش کی۔
برطانیہ کے مالیاتی نگران ادرے فنانشل کنڈکٹ اتھارٹی کی منظوری کے بغیر اس طرح کے اے ٹی ایمز، جو صارفین کو کرپٹو کرنسی خریدنے یا اسے نقد میں تبدیل کرنے کی اجازت دیتے ہیں کا کام کرنا غیر قانونی ہے۔
ایف سی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تھیریس چیمبرز نے ایک بیان میں کہا کہ غیر رجسٹرڈ کرپٹو سرگرمی کے لیے یہ برطانیہ کی پہلی مجرمانہ سزا ہے۔