اسرائیل کے شمالی شہر حیفا میں ایک بس اڈے پر چاقو بردار نوجوان نے مسافروں پر حملہ کردیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور ایک بس سے اترا اور اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر بس کے انتظار میں کھڑے مسافروں پر چاقو کے وار کیے۔
حملے میں ایک 60 سالہ مسافر ہلاک جب کہ 4 شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سیکیورٹی گارڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاقو بردار حملہ آور کو گولیاں مار کر قتل کردیا جس کی شناخت اسرائیلی شہری کے طور پر ہوئی ہے۔
حملہ آور کا تعلق اسرائیل کی دروز کمیونٹی سے ہے اور وہ مبینہ طور پر جرمنی کی شہریت بھی رکھتا ہے اور ایک ماہ قبل ہی واپس لوٹا تھا۔
قریبی دکانداروں نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور کا نام یترو شاہین اور اس کی عمر 20 سال ہے تاہم سرکاری سطح پر نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
بعد ازاں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔