برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ایک شخص کو پاکستان سے کار میں اسلحہ اسمگل کرنے کی جرم میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سے برطانیہ بھیجی جانے والی گاڑی میں اسلحے کے 72 پرزے اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو 8 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
برطانوی ایجنسی کی تحقیقات میں 40 سالہ یاسر خان اسلحہ اسمگل میں ملوث پایا گیا تھا۔
ایجنسی کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 1976 ماڈل کے ڈیٹسن سنی میں 9 ایم ایم گلاک سیلف لوڈنگ پستول کے لیے 36 ٹاپ سلائیڈز اور 36 بیرل اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔
این سی اے نے بتایا کہ یاسر نے بندوق کے پرزوں کو گاڑی کے اندر ’مہارت‘ سے چھپایا تھا۔
ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں این سی اے افسران کی جانب سے ملزم کے خلاف کارروائی کے مناظر دکھائے گئے، جہاں وہ ایک کار کے اندر بیٹھا تھا کہ اس دوران اسلحہ سے لیس افسران نے ملزم کو ہتھکڑیاں لگا کر حراست میں لے لی
View this post on Instagram
نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق افسران نے یاسر کے خلاف تحقیقات شروع کی تھی جس نے کار ڈیلر ہونے کا دعویٰ کیا تھا، اسے گزشتہ سال جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا۔
این سی اے افسران کو یاسر کے فون سے وائس نوٹ بھی ملے جس سے اس بات کا ثبوت ملتا ہے کہ وہ اسلحے کے پرزے بنانے والی کمپنی کے علاوہ ایک پاکستانی سپلائر کے ساتھ رابطے میں تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یاسر خان پر نومبر 2023 میں بھی اسی طرح کے واقعے کا شبہ تھا، شواہد سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ 2023 کے دوران یاسر خان نے کئی غیر فعال اسلحہ خریدا جسے وہ دوبارہ سے قابل استعمال مہلک آتشیں اسلحے میں تبدیل کرنے میں کامیاب رہا۔