روسی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات ماسکو شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں ہونے والے ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
ماسکو ریجن کے گورنر آندرے ووروبیف کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق روسی دارالحکومت سے متصل ودنوئے اور ڈومودیدوو قصبوں سے ہے۔
ان کے مطابق ان حملوں میں ایک رہائشی عمارت کے سات اپارٹمنٹس کو نقصان پہنچا ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کا کہنا ہے کہ شہر کی طرف آنے والے 73 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
گرنے والے ڈرون کے ملبے سے ایک عمارت کی چھت کو نقصان پہنچا ہے۔
حملے کے نتیجے میں ایک ضلعی ٹرین نیٹ ورک کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ماسکو کے ہوائی اڈوں پر پروازوں پر پابندیاں عائد ہیں۔
فروری 2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے یہ روس پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔