بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست بہار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے کے ذمہ داروں کو زمین کے آخری کنارے تک تلاش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا، “آج بہار کی دھرتی سے میں دنیا کو کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت ہر دہشت گرد اور ان کے سرپرستوں کو شناخت کرے گا، تلاش کرے گا اور سزا دے گا۔”
بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں او راُن کے سرپرستوں کو ایسی سزا دی جائے گی جس کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتے۔
مودی نے مزید کہا کہ بھارت کا حوصلہ دہشت گردی سے نہیں ٹوٹے گا، اور پورا ملک اس عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا، “جو بھی انسانیت پر یقین رکھتا ہے، وہ ہمارے ساتھ ہے۔ میں دنیا کے مختلف ممالک اور ان کے رہنماؤں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ان مشکل حالات میں ہمارا ساتھ دیا۔”
وزیر اعظم نے کہا، “ہمارے دشمنوں نے ملک کی روح پر حملہ کرنے کی جرات کی ہے۔ میں واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ قتل و غارت گری میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ایسی سزا دی جائے گی جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔”
دوسری جانب اننت ناگ پولیس نے پہلگام حملے میں ملوث چار مشتبہ افراد میں سے تین کے نام جاری کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ان میں دو پاکستانی شہری ہیں، جب کہ تیسرا اننت ناگ کا مقامی شخص ہے۔ چوتھے ملزم کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد پاکستان میں قائم شدت پسند تنظیم لشکرِ طیبہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
پولیس نے ہر مشتبہ شخص کی اطلاع دینے والے کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، اور ساتھ ہی یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والے کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے سلسلے میں کشمیر بھر سے تقریباً 1,500 افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حملے میں چار شدت پسندوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، جن میں مقامی اور غیر ملکی دونوں شامل ہیں۔