معروف سرچ انجن اور مختلف ایپس کے پلیٹ فارم گوگل نے تمام صارفین کو پاس کِیز پر لانے کیلئے اعلان کیا ہے کہ اس کی ایپس اور سروسز اب ڈیفالٹ طور پر بغیر پاس ورڈ کے ہوں گی۔
گوگل کا یہ اقدام 1960ء کی دہائی سے موجود پاس ورڈز کو ختم کرنے اور کسی شخص کی شناخت کی تصدیق کیلئے محفوظ اور زیادہ مؤثر فارمیٹ پر منتقلی کیلئے ٹیکنالوجی انڈسٹری کے مابین وسیع تر اتفاق رائے کا حصہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق کسی بھی اکاؤنٹ کی پاس کِیز ایک کوڈ کو بایومیٹرک معلومات جیسا کہ فنگر پرنٹ یا چہرے کی شناخت کے ساتھ جوڑتے ہیں، جس سے انہیں یاد رکھنا آسان اور چوری کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
ٹیکنالوجی کمپنی کا کہنا ہے کہ سائبر سیکیورٹی آگاہی کے مہینے کے موقع پر صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ پاس کِیز اپنائیں، کمپنی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی تیز تر اور زیادہ محفوظ ہے۔