ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کرمان میں دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملوں کے ذمہ داروں کو کڑا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمنوں نے ایک بار پھر تباہی پھیلائی اور بڑی تعداد میں لوگوں کو ہلاک کیا، اس تباہی کا کڑا جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بھی کرمان میں ہونے والے دھماکوں کے بعد ایک مذمتی تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ بلاشبہ، اس بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کی جلد ہی شناخت ہو جائے گی اور ان کو سخت سزا دی جائے گی، ہمارے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اقدامات ایرانی قوم کے پختہ عزم کو کبھی متاثر نہیں کر سکتے۔
ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے جمعرات کو ملک بھر میں عوامی سوگ منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا۔
اس کے علاوہ روس کے صدر پیوٹن اور یورپی یونین نے بھی ایران میں دہشت گردی کے اقدام میں شہریوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔