امریکی صدر جو بائیڈن کی وائٹ ہاؤس میں اُردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات ہوئی
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کی کوششوں اور سرحدی شہر رفح میں ایک ممکنہ اسرائیلی حملے پر بڑھتی ہوئی تشویش پر گفت و شنید کی۔
اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوئم سے ملاقات میں امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ غزہ میں جان سے ہاتھ دھونے والے بڑی تعداد بے گناہ شہریوں اور بچوں کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ میں چھ ہفتوں کی جنگ بندی معاہدے کے لیے کام جاری ہے، اردن کے شاہ عبداللہ نے امریکی صدر پرجنگ بندی کی حمایت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی ہونی چاہیے۔
اس موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے آخری گڑھ رفح پر، جہاں 13 لاکھ لو گ پناہ لیے ہوئے ہیں، اس وقت تک حملہ نہیں کرنا چاہیے جب تک اس کے پاس وہاں موجود عام شہریوں کی حفاظت کا کوئی منصوبہ موجود نہ ہو۔
بائیڈن نے کہا کہ معاہدے کے اہم نکات میز پر ہیں، امریکہ کسی معاہدے کو طے کرانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کرے گا۔