امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ سے انتخابی مداخلت کے مقدمے کی سماعت مزید مؤخر کرنے کی اپیل کردی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں 2020 کے انتخابات کے نتائج بدلنے کی سازش کے الزامات میں استثنیٰ حاصل ہے۔
ٹرمپ کی طرف سے ان کے وکلا نے اس سلسلے میں عدالت میں اپیل دائر کی۔ ٹرمپ کے وکلا کا کہنا تھا کہ استثنیٰ کے بغیر صدارت کا وجود ختم ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ کا اس بارے میں فیصلہ اور عدالت کے عمل کرنے کی رفتار اس بات کا تعین کر سکتی ہے کہ آیا ری پبلکن صدارتی پرائمری میں سب سے زیادہ کامیاب امیدوار کے خلاف نومبر سے پہلے مقدمہ چلایا جائے گا یا نہیں۔
ٹرمپ کی ری پبلکن نامزدگی کی صورت میں ان کا صدارتی الیکشن میں مقابلہ ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن سے ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کے خلاف مقدمے پر عدالت کے کام کرنے کے لیے کوئی ٹائم ٹیبل مقرر نہیں ہے۔
تاہم خصوصی وکیل جیک اسمتھ کی ٹیم نے اس سال مقدمے کی سماعت پر زور دیا ہے۔