اقوام متحدہ نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ سے متاثرہ لاکھوں فلسطینیوں کو مصر کے جزیرہ نما سینا کی طرف دھکیلنے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرانڈے نے جمعہ کے روز کہا کہ غزہ میں رفح سے مصر فلسطینیوں کو دھکیلنا ایک نئی تباہی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ مصری حکام نے یہ واضح کردیا ہے کہ لوگوں کو پٹی کے اندر مدد کی جانی چاہیئے فلسطینی آبادی کو سرحد پار نقل مکانی پر مجبور کرنے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف فلسطینیوں کے لیے بلکہ مصر کے مستقبل کے لیے بھی تباہ کن ہوگا۔
اقوام متحدہ کے سینیر عہدیدار مارٹن گریفیتھس نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں کہا کہ غزہ میں لوگوں کی محفوظ مقام پر منتقلی محض خیالی باتیں ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے پہلے بھی کئی بار ایسا کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر غزہ میں لوگوں کے لیے محفوظ مقامات پر نہیں لے جایا گیا۔