امریکہ کی ایک عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ایک مخبر پر جھوٹ بولنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
مخبر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے یوکرین کی توانائی کمپنی سے مبینہ تعلقات ہیں۔
استغاثہ نے بتایا کہ مخبر الیگزینڈر سمرنوف نے جون 2020 میں بیان دیا تھا کہ یوکرین کی توانائی کمپنی برِسما سے وابستہ ایگزیکٹیوز نے صدر بائیڈن اور ہنٹر بائیڈن کو 2015 یا 2016 میں پچاس پچاس لاکھ ڈالر ادا کیے تھے۔
تینتالیس سالہ سمرنوف پر غلط بیان دینے اور جھوٹا اور فرضی ریکارڈ بنانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر مخبر کو زیادہ سے زیادہ 25 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
استغاثہ کے مطابق مخبر نے ایف بی آئی کو بتایا کہ توانائی کی کمپنی برزما کے ایک ایگزیکٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ہنٹر بائیڈن کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ ان کے والد کے ذریعے وہ ہر قسم کے مسائل سے محفوظ رہیں۔
پراسیکیوٹرز نے جمعرات کو بتایا کہ مخبر سمر نوف لاس ویگاس میں اپنی پہلی عدالتی پیشی کی توقع کر رہے تھے . انہیں بدھ کو بیرونِ ملک سے امریکہ پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔