بینکاک کے ایک ہوٹل میں تھائی لینڈ پولیس نے منشیات استعمال کرنے والی پارٹی کے دوران 124 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جو صرف انڈرویئر پہنے ہوئے تھے۔
پولیس کرنل پانسا امرپیتک نے بتایا کہ بینکاک کے مرکزی علاقے میں ایک ہوٹل کے کمرے میں ’منشیات کی پارٹی‘ کی اطلاع ملی تھی۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں زیادہ تر مردوں کو ہتھکڑیاں لگے اور صرف زیر جامہ میں ملبوس دکھایا گیا جبکہ افسران ان سے منشیات کی تلاشی لیتے دکھائے گئے ہیں۔
کرنل پانسا نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے 124 افراد میں سے 31 کے پاس کرسٹل میتھمفیٹامائن، ایکسٹیسی اور کیٹامائین جیسی غیر قانونی منشیات برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس افسر نے مزید بتایا ’ تمام افراد کا منشیات کا ٹیسٹ کیا گیا، جن میں سے 66 افراد کے ڈرگ ٹیسٹ پازیٹو پائے گئے ہیں۔
گرفتار کئے گئے افراد میں سے دو کے علاوہ تمام مرد ہیں جن میں تقریباً پانچ غیر ملکی شامل ہیں۔
کرنل پانسا کے مطابق جن افراد پر منشیات رکھنے کا شبہ ہے 48 گھنٹے کی مہلت کے بعد بھی ان سے پوچھ گچھ جاری رکھنے کی عدالت سے درخواست کی جائے گی تاہم باقی افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا میں غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں ہیروئن اور کرسٹل میتھمفیٹامائن جیسی انتہائی خطرناک منشیات کی اطلاع پر پولیس کے چھاپے اور ضبطگی عام ہیں۔